پاکستان کی ہاکی ٹوٹ گئی۔۔ ؟؟ End of Pakistan’s Hockey ??

پاکستان کی  ہاکی ٹوٹ گئی۔۔ ؟؟
End of Pakistan’s Hockey ??


آج صبح سوشل میڈیا پر ٹائم ضائع کرتے ہوئے اچانک ایک اشتہار پر نظر پڑی ، یہ ایک پینٹ بنانے والی کمپنی کا اشہتار تھا کہ گرین شرٹس  کے لیے دعا کریں آج بھی ان کا میچ ہے۔ کچھ دیر معلومات حاصل کرنے کے بعد پتا چلا کہ دنیا میں ہاکی کا ایک بڑا ٹورنامنٹ یعنی اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ چل رہا ہے اور اس سلسلے میں پاکستان کا آج ملائشیا سے میچ ہے۔ اور مزید یہ کہ پاکستان اپنے پچھلے تمام اہم میچ ہار چکا ہے

 پاکستان کے قومی کھیل کی اس قدر بے توقری  کہ کہنے کو الفاظ نہیں ، ہاکی پاکستان کا قومی کھیل ہے اور پورے پاکستان میں کسی کو معلوم نہیں کہ کونسی ٹیم؟ کونسے کھلاڑی؟ کونسے ملک میں ؟ کون سا کپ کھیل رہے ہیں؟ سارا دن سوچتے گزر گیا کہ کیوں؟ کون ذمہ دار ہے؟ ایسا کیسے ہو سکتا ہے کہ کسی کو معلوم نہ ہو ۔

اور پھر شام ہو گئی ، دن بھر کے کام کاج میں پوری کوشش کی کہ میچ کے ٹائم کو یاد رکھا جائے، اور پھر جب  میچ کا ٹائم ہوا تو  کیبل نیٹ ورک پر سپورٹس کے چینل ڈھونڈے اور میچ کی تلاش شروع کی پاکستان کا قومی کھیل اور پاکستان کے قومی ٹی وی کا سپورٹس چینل (پی ٹی وی سپورٹس) اس پر ایک  ڈاکٹر بیٹھا کرکٹ تبصرہ کے کوئی پروگرام کو نشر مکرر کے طور پر چلا رہا تھا۔  سب گھتیاں ایک دم کُھل گئیں جتنی قدر ایک قومی ٹی وی نے اس قومی کھیل کی کی تھی اسی سے ثابت ہو گیا کہ آج کے میچ کا فیصلہ کیا ہوگا۔

بہرحال مزید چینل تلاش کئے تو پاکستان کا واحد غیر سرکاری سپورٹس چینل (جیو سپورٹس) نظر آیا اس پر بھی انڈیا میں چلنے والی آئی پی ایل کا شور مچا ہوا تھا، ویسے تو جیو کسی بھی ایونٹ میں "جیو تو ایسے" کا شور مچاتے نہیں تھکتا مگر یہاں۔۔ چلیں خیر خدا خدا کر کے ایک سپورٹس چینل ملا جو کہ سٹار گروپ کا کوئی دور پار کا سپورٹس چینل تھا۔

میچ شروع ہوا، پاکستان کا قومی ترانا بجا مگر کسی کے کان میں آواز تک نہ گئی، ٹی چینلز نے بریکنگ نیوز نہ چلائی کیونکہ یہ کوئی بریکنگ نیوز نہیں تھی، نہ تو خدا نخواستہ بندے مرے تھے،نہ کسی سیاستدان کا کتا بیمار تھا، نہ ہی بھارت میں کوئی نئی فلم آئی تھی۔

ڈیڑھ گھنٹہ گزرا، جس میں حسب توقع لوڈ شیڈنگ بھی ہوئی اور پھر جب بجلی آئی تو پاکستان ہاکی کی بجلی جا چکی تھی ، پاکستان یہ آسان میچ بھی ہار گیا تھا۔  اور پھر اس کے ساتھ ہی سرخ پٹیاں تمام چینلز پر چلنے لگیں کہ پاکستان ہار گیا، کیونکہ اب میڈیا کو ان کے کام کے خبر ملی تھی، افسوس صد افسوس

وہ سوال جو صبح ذہن میں اٹھا تھا کہ کون ذمہ دار ہے؟ اس کا جواب مل گیا، آج پاکستان ہاکی   کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے میں میڈیا، حکومت اورہم سب نے مل کر خوب کردار ادا کیا، ، حکومت نے بھی اس قومی کھیل پر اعلان کرنا مناسب نہ سمجھا کہ "آج لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی کہ پاکستان ہاکی کا میچ ہے"میڈیا مصروف رہا اور ہم سب  "قوم و ملت" کی خدمت میں لگے رہے  جبکہ دوسری طرف  پاکستان کی ہاکی ٹوٹ گئی

یہ اذلان شاہ ٹورنامنٹ کا  23 واں کپ ہو رہا ہے اور 11 دفعہ پاکستان میڈل کے تختے تک پہنچا  گولڈ میڈل، سلور میڈل اور براؤنز میڈل جیتے مگر آج میڈل کے تختے کی بجائے قومی  ٹیم تختہ دار تک پہنچ چکی ہے

آج پاکستانی ٹیم کو سلطان اذلان شاہ ٹورنامنٹ جیتےہوئے13 سال گذر گئے، آخری دفعہ 2003 میں جیتے اور 2004 میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا اور پچھلے پانچ سالوں سے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ جیتتے جارہے ہیں

لگتا ایسا ہی ہے کہ مشرف گئے تو ملک کی قسمت سے کھیلوں کی دنیا بھی اُجڑ گئی، کسی نے صحیح کہا ہے کہ "جمہوریت بہترین انتقام ہے"

یہ ہاکی ٹیم سدا سے یتیم نہ تھی ، بہت کم لوگ جانتے ہونگے کہ یہ وہ ٹیم ہے جب ہاکی کا پہلا ورلڈ کپ  سن 1971 میں ہوا تو پاکستان وہ پہلا ملک تھا جو پہلا ہی ورلڈ کپ جیت گیا، پہلے 8 ورلڈ کپ میں سے 4 پاکستان نے جیتے اور 2 میں تیسرے نمبر پر رہا اور اب ورلڈ کپ جیتے ہوئے 26 سال گذر گئے یعنی آج کا نوجوان شایدوہ ہے جس نے پاکستان ہاکی ٹیم کو ورلڈ کپ میں پرفارمنس دکھاتے نہیں دیکھا، اور اگر یہی حالات رہے تو شاید دیکھ بھی نہیں پائے گا۔

پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم جس کے کھلاڑیوں کو 1000 روپے فی دن ملتے ہوں (جو کہ مستری کی دھاڑی سے بھی کم ہے) جنہیں صبح ناشتے میں نان اور چنے دیے جائیں، جن کے لیے انرجی بوسٹر روح افزاء کا شربت ہو اس قومی ٹیم سے قوم کیا توقع رکھے یہ سوال کسی کے پوچھنے کا نہیں کیونکہ اس کا جواب کسی سیاستدان، کسی بیوروکریٹ، کسی تھنک ٹینک کے پاس نہیں ہے
اس عظیم قومی سانحہ پر نہ کوئی کمیشن بنے گا، نہ کوئی کمیٹی،

 میرے پاس بھی کوئی الفاظ نہیں  ہیں ، بس اتنا یقین ضرور ہے کہ۔۔۔

 پاکستان کی ہاکی ٹوٹ چکی ہے، اور اس کا بھی کوئی ذمہ دار نہیں ہے۔ شرم تم کو مگر نہیں آتی۔۔



Comments

Popular posts from this blog

The Voice of Abbottabad: Ahmad Nawaz Khan Jadoon

How to develop Proposal for Golf Tournament- Sample